ایئر ایمبولینس سروس پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق

14

لاہور۔30جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں پی ڈی ایم اے ویئر ہائوس میں پاک فوج اور ریسکیو 1122 کو فلڈ فائٹنگ سامان کی تقریب تقسیم2025 میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا اور کرنل فراز سمیت دیگر حکام موجود تھے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے پاک بھارت جنگ میں پوری دنیا میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ پاکستان کے منہ توڑ جواب نے دشمن کو خاک چاٹنے پر مجبور کر دیا،آ ج پاک فوج و ریسکیو 1122 کو 8 سے 10 کروڑ روپے کا امدادی سامان مہیا کیا جا رہا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایئر ایمبولینس سروس حکومت پنجاب کا فلیگ شپ پروگرام ہے،موٹروے پر76 نئی ایمبولینسز کے ساتھ عوام کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ سوات واقعہ انتہائی دلخراش سانحہ ہے۔سانحہ سوات پر پوری قوم غمگین ہے،یہ حادثہ ہمیں پروفیشنل اور پرو ایکٹو اپروچ کو اپنانے کی ضرورت واضح کر رہا ہے۔خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاک فوج نے ہر ڈیزاسٹر میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے پی ڈی ایم اے فلڈ سیمولیشن ماڈل کی تعریف کی اور کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی قیادت میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے،سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کی خدمات لائق تحسین ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ مری میں کسی نا گہانی آفت سے نمٹنے کیلئے اضافی ریسکیو و ریلیف آلات فراہم کئے گئے ہیں۔

مری میں سیاحوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو جدید تکنیکی سامان مہیا کیا گیا ہے۔سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق کو ہر ڈیزاسٹر میں عوام کا مددگار ہی پایا ہے۔ریسکیو اس وقت تک لاکھوں افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کر چکی ہے۔