ایئر یونیورسٹی اور نیاٹیل کے مابین تحقیقاتی کلچر اور طلبہ کے لیے کیریئر مواقع کے فروغ بارے مفاہتی یاداشت پر دستخط

70

اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):ایئر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ایئر مارشل (ر)جاوید احمد نے پاکستان کو بے انتہا مواقعوں کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں کوعصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے جدید تعلیم کے حصول پر توجہ دینی چاہیے ۔

انہوں نے معروف ٹیلی کام ادارے نیاٹیل کے ساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ ایم اویو کے تحت دونوں ادارے ملک میں تحقیقاتی کلچر کے فروغ اور نوجوان طلبہ کے لیے کیریئر مواقع پیدا کرنے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

اس موقع پر نیا ٹیل کے سربراہ وہاج السراج، وائس پریزیڈنٹ ایج آر تیمور عزیز بھٹی، سنیئر منیجر ایچ آر اسامہ فاروقی، علی پرویز سلطان سمیت دیگر موجود تھے، ایئر یونیورسٹی کے نمائندہ وفد میں ڈائریکٹرسٹوڈنٹ افیئرز فضائلہ علی، ڈائریکٹر اورک ایئر کموڈور (ر)افضال احمد خان،چیئر ڈیپارٹمنٹ آف الیکٹریکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر وسیم خان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر صباح الدین قاضی اور پلیسمنٹ آفیسر گلناز بتول شامل تھے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ آج کے جدید دورِ میں طلبہ کو تعلیمی نصاب کے ساتھ انڈسٹری کے تیزی سے بدلتے ہوئے رحجان پر نظر رکھنے کی بھی ضرورت ہے، انہوں نے نیاٹیل کو پاکستانی بزنس کمیونٹی کیلئے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیاٹیل کی کامیاب کاروباری اور تکنیکی حکمت عملی کامطالعہ کرنے کے لیے طلبہ کو اس پر تحقیقاقی مقالے لکھنے چاہیے۔

سربراہ نیاٹیل نے اپنے ادارے کی کامیابی کا راز اعلیٰ کوالٹی کوقرار دیتے ہوئے کہا کہ نیاٹیل کا اعلیٰ تربیت یافتہ سٹاف ملک بھر میں ٹیلی کام سروس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے کوشاں ہے۔ ڈائریکٹرسٹوڈنٹس افیئرز فضائلہ علی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری اورتعلیمی اداروں کے مابین مضبوط روابط کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اورک افضال احمد خان ، الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر وسیم خان، نائب صدر تیمور عزیز بھٹی سمیت دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔