کراچی۔30اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی ر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ ایاز صادق ایک مہرہ ہے، ساری سازشیں پی ڈی ایم میں موجود تمام جماعتوں کی ہیں، ایاز صادق کے بیان کی مذمتیں کی جارہی ہیں ، فروری 2019 میں بھارت کو منہ کی کھانی پڑی تھی، بھارت کے دو جہاز تباہ ہوئے اور ایک پائلیٹ بھی گرفتار ہوا تھا،پی ڈی ایم کے جلسوں میں ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جارہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو جاری ویڈیو پیغام میں کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کر رہے ہیں ان سب کو 22 کروڑ پاکستانی عوام معاف نہیں کریں گے۔ پی ڈی ایم والوں کا اصلی چہرہ قوم کے سامنے آچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ان چوروں کو نہیں چھوڑے گی ہم ان کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔