ایبٹ آباد،ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے رکن بورڈ آف گورنرز پروفیسر عالم زیب منان نے ادارے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا

103

ایبٹ آباد۔ 31 جنوری (اے پی پی):ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے رکن ر بورڈ آف گورنرز پروفیسر عالم زیب منان نے ادارے میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایوب کالج آف ڈینٹسٹری میں لائبریری کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کو 28 فروری تک ہر صورت مکمل کیا جائے۔

اس موقع پر شعبہ مینٹیننس کی جانب سے انہیں جاری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ پروفیسر عالم زیب منان نے پیرا میڈیکل ہاسٹل میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور ٹھیکیدار کو ہدایات جاری کیں کہ کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ہاسٹل وارڈن کی غیر موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر ایکشن لینے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ ٹھیکیدار کی چار ٹیموں کو مختلف مقامات پر تعینات کیا جائے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جا سکے۔

انہوں نے سرجیکل آئی سی یو کا بھی دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ مینٹیننس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سرجیکل آئی سی یو کا کام ایک ہفتہ کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر پروفیسر عالم زیب منان نے کہا کہ ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن میں جاری ترقیاتی منصوبے عوامی مفاد کے لئے انتہائی اہم ہیں اور ان کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر ایوب میڈیکل انسٹی ٹیوشن کے ڈین و سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر رحمان درانی، شعبہ مینٹیننس کے انجینئر امین اﷲ گنڈا پور، انجینئر عاقب فدا، انجینئر اسرار جہانگیری اور دیگر متعلقہ عملہ ان کے ہمراہ تھا۔