ایبٹ آباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت ایبٹ آباد ضلع میں تمام قدرتی آبی مقامات دریا،نالے، نہروں میں نہانے اور تیرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام مون سون کے موسم میں ممکنہ سیلاب، ڈرینج بندش اور ماحولیاتی آلودگی کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ یہ حکم دو ماہ تک مؤثر رہے گا۔
ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی اقدامات میں تعاون کریں تاکہ قدرتی آفات سے بچاؤ اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنایا جا سکے۔