ایبٹ آباد۔ 09 دسمبر (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے گلیات میں برفباری کے پیش نظر حفاظتی اقدامات اور ہدایات جاری کردیں۔ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے سوموار کے روز موسم سرما اور برفباری کے پیش نظر گلیات میں حفاظتی اقدامات اور ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ ماضی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام روڈ کلیئرنگ مشینری کو اپ ڈیٹ اور فوری تعیناتی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ برفباری یا رکاوٹ کی صورت میں سڑکوں کو فوری طور پر صاف کیا جا سکے،ریسکیو ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری جواب دینے کے لیے تیار ہوں،ہوٹل ایسوسی ایشن کو سیاحوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے رات 12 بجے کے بعد کوئلے یا دیگر ہیٹنگ ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی کو سختی سے نافذ کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ دم گھٹنے کے حادثات سے بچا جا سکے،آر ایچ سی نتھیاگلی اور خانسپور ایوبیہ کا عملہ کسی بھی طبی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے 24/7 دستیاب رہے گا،پولیس کو تمام ٹیموں کے ساتھ ہم آہنگی سے کام کرنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر شمیم اللہ نے کہا ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مل کر آپریشنز کی نگرانی کریں گے۔