ایبٹ آباد۔ 23 جون (اے پی پی):ایبٹ آباد میں قدرتی آبی مقامات میں نہانے اور پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت ضلع بھر میں تمام قدرتی آبی مقامات دریا،نالے و نہروں میں نہانے اور تیرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، اس کے ساتھ ساتھ پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال،خرید و فروخت اور تقسیم پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ا
علامیے کے مطابق یہ اقدام مون سون کے موسم میں ممکنہ سیلاب،ڈرینج بندش اور ماحولیاتی آلودگی کے خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے،پلاسٹک بیگز کے بے دریغ استعمال سے نہ صرف نالے بند ہوتے ہیں بلکہ صفائی کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے جس سے شہری زندگی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں،یہ حکم یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگا اور ایک ماہ تک مؤثر رہے گا۔اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف دفعہ زیر دفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔