ایبٹ آباد،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس

67

ایبٹ آباد۔ 11 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مالی امور اور آڈٹ سے متعلق مختلف نکات پر تفصیلی بحث کی گئی۔اجلاس میں ڈائریکٹر آڈٹ سمیع اللہ، آڈٹ آفیسر مقبول الرحمن (آرڈی اے)، اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر عادل مہمند سمیت ریونیو، پلاننگ، اکاؤنٹس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے آڈٹ اعتراضات اور مالی بے ضابطگیوں کے معاملات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ مالیاتی امور میں شفافیت اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنائیں اور آڈٹ اعتراضات کے بروقت ازالے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری محکمے اپنی مالیاتی رپورٹس کو شفاف اور درست بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ سرکاری فنڈز کا درست اور مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔