ایبٹ آباد۔ 25 جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی ضلع ایبٹ آباد کے صدر سلیم شاہ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت اپنا غصہ نہتے ملازمین پر نہ نکالے، زندگی کے بہترین 20 سے 30 سال حکومت کی نوکری کرنے والوں سے پنشن کا حق چھیننا کسی طور مناسب نہیں، اس حوالہ سے احتجاج کرنے والوں پر بہیمانہ تشدد کر کے پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی گورنمنٹ نے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کیا ہے۔
یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کے احتجاجی ملازمین پر تشدد اور لاٹھی چارج کی پیپلزپارٹی بھرپور مذمت کرتی ہے، ملازمین کو ان کا حق دینا حکومت کا فرض ہے، تنخواہوں میں اضافہ سمیت پنشن ہر ملازم کا بنیادی حق ہے۔
سلیم شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی عیاشیوں کو کم کرے، اپنے بلاوجہ کے اخراجات پر نظرثانی کرے، وفاق کے ساتھ خانہ جنگی کی بجائے عوام کی فلاح کے مشترکہ منصوبے شروع کرے، عوام کو پہلے مہنگائی، بیروزگاری اور اب پنشن اصلاحات کے نام پر مارا جا رہا ہے۔