ایبٹ آباد، پرائمری سکولز کے مابین سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا افتتاح اور ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

157

ایبٹ آباد۔ 04 نومبر (اے پی پی):پرائمری سکولز سرکل ایبٹ آباد 6 زون کے 65 سکولز کے مابین سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کا رنگا رنگ افتتاح اور ٹرافی کی رونمائی کردی گئی ہے۔سالانہ کھیلوں کا ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد نصیر نے پرائمری سکول نمبر پانچ میں افتتاح کیا ۔اس موقع پر سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسر شفیق الرحمن ،اسسٹنٹ سب ڈویژن ایجوکیشن آفیسر بلال خان ،پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ضلعی جنرل سیکرٹری سپورٹس ٹورنامنٹ ضیاء شاہد ،ہیڈ ٹیچرز زاہد تنولی ،عبدالرزاق مغل ،ایاز خان کے علاوہ اساتذہ کرام اور طلبا بھی شریک تھے۔

ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر محمد نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع کے تمام سکولز اور محکمہ تعلیم ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ہم نصابی سرگرمیوں سے طلبہ میں ڈسپلن ، برداشت اور بھائی چارہ کی فضا کو بھی پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ سرکاری سکولز معیاری تعلیم کی فراہمی سے والدین کا اعتماد بحال کر چکے ہیں ۔تعلیم کے ساتھ کھیل سے بچوں کی ذہنی وجسمانی نشونما ہوتی ہے، کھیل کے میدان آباد کرنے سے منفی سرگرمیوں سے قوم محفوظ اور ہسپتال ویران ہوتے ہیں

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی آفیسر افتخار الغنی کی سرپرستی میں ایک دیانت دار ٹیم ضلع کو تعلیم کے میدان میں ماڈل بنانے کے لئے صلاحیتیوں کو بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر ایس ڈی او شفیق الرحمن ،اے ایس ڈی او بلال خان ،پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ضیاء شاہد اور زائد تنولی نے بھی خطاب کیا۔ ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر طلباء نے گل پاشی بھی کی ۔پرائمری سکولز کے یہ مقابلے ایک ہفتہ جاری رہیں گے ۔بچے تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا بھرپور مظاہرہ کریں گے ۔

کڈز گرومنگ میں آذان ،تلاوت ،نعت ،ملی نغمہ ،اردو انگلش تقریر ،پوسٹر میکنگ ،مضمون نویسی ،لوک گیت ،قومی ترانہ ،کوئز کے مقابلے ہوں گے جس میں سرکل ایبٹ آباد کے چھ زون ایبٹ آباد،مسلم آباد ،نورمنگ ، میرپور ،سلہڈ ،ٹھنڈا چواکینٹ ،نواں شہر کے علاقوں کے سکولز شامل ہیں ۔