ایبٹ آباد۔ 27 جنوری (اے پی پی):ایبٹ آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کاانعقادکیاگیا۔کانفرنس میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو فعال بنانے کے لئے چارٹرڈ آف ڈیمانڈ پیش کر دیا گیا۔ایبٹ آباد پریس کلب میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مسائل کے حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں قوم پرست جماعت ہزارہ قومی محاذ ،مسلم لیگ( ن) ،جماعت اسلامی ،پیپلز پارٹی ،پاکستان عوامی تحریک ،سماجی تنظیموں ،صحافیوں اور وکلاء کے نمائندوں نے شرکت کی ،آل پارٹیز کے جاری اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف گورنر میں ہزارہ کی مکمل نمائندگی خودمختار بورڈ ،کمپنی میں ایک سے 16 گریڈ تک مقامی اضلاع سے بھرتی،ہزارہ کے صارفین بجلی کو ڈیموں کی رائیلٹی اور کشمیر کی طرح ریلیف دیا جائے۔مطالبات میں ہزارہ کو فری لوڈشیڈنگ ، کوٹہ میں 12 سو میگاواٹ تک اضافہ ،کمپنی میں ہری پور ،بٹگرام ،کوہستان ،مانسہرہ کی یارڈسٹک بنا کر بھرتی پر عائد پابندی ختم کا بھی مطالبہ پیش کیا۔شرکاء نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سے پورا حصہ دینے پر بھی زور دیا ۔آل پارٹی کانفرنس میں ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی واپڈا ہائیڈرو یونین کے بانی چیئرمین جمیل اختر تنولی ،ہزارہ قومی محاذ کے وائس چیئرمین اسد خان تنولی ،مسلم لیگ ن کے ضلعی جنرل سیکرٹری ذوالفقار جاوید عباسی ،تحریک انصاف کے رہنما وسیم شہزاد خٹک ،ہائیکورٹ بار کے سابق صدر حاجی صابر تنولی ایڈووکیٹ ،جماعت اسلامی ہزارہ کے رہنما عبدالرزاق عباسی ،پریس کلب کے صدر محمد شاہد چوہدری ،سماجی تنظیم عوامی اتحاد کے کامران ایڈووکیٹ ،پاکستان عوامی تحریک کے نصیر خان جدون کے علاوہ دیگر بھی شریک تھے۔کانفرنس میں متفقہ طورپر ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 8 اضلاع کا نوٹیفیکشن کرنے سمیت دیگر مطالبات پر وفاقی اور صوبائی حکومت سے فوری عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ۔اس موقع پر کمپنی کے قیام میں مخلصانہ کوششوں پر مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے مرتضی جاوید عباسی ،کمپنی کے بانی چیئرمین جمیل اختر تنولی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔