ایبٹ آباد ، چار ویلج کونسلوں میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ، غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا

146

ایبٹ آباد۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):ایبٹ آباد کی چار ویلج کونسلوں میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ ویلج کونسل نگری بالا ون سے سردار محمد سعید لڈو، ویلج کونسل باگن سے سردار گلفراز، ویلج کونسل ملکپورہ اربن سے عثمان علی اور ویلج کونسل باغ سے محمد رئیس عباسی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کامیاب قرار پائے ہیں۔ ویلج کونسل باغ یوتھ کونسلر کی نشست سے رئیس عباسی 1299 ووٹ لیکر پہلے جبکہ مدمقابل طیب عباسی 1216 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔

محمد رئیس عباسی کو 83 ووٹ کی برتری حاصل رہی۔ ایبٹ آباد کی ویلج کونسل باگن کی جنرل کونسلر نشست پر سردار گلفراز 710 ووٹ لیکر کامیاب قرار جبکہ محمد ہارون 587 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، سردار گلفراز کو 133 ووٹوں کی برتری حاصل رہی۔ اسی طرح ایبٹ آباد کی ویلج کونسل نگری بالا کی جنرل کونسلر کی نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق سردار سعید لڈو 891 ووٹ لیکر کامیاب قرار جبکہ سردار الطاف 564 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ سردار محمد سعید لڈو کو 327 ووٹوں کی برتری حاصل رہی۔

ایبٹ آباد کی ویلج کونسل ملکپورہ ون جنرل کونسلر کی نشست پر غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عثمان علی 776 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے جبکہ سعد خان 568 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ عثمان علی کو 208 ووٹوں کی برتری سے کامیابی ملی۔ اسی ایبٹ آباد میں 13 ویلج کونسلوں کے ضمنی بلدیاتی انتخاب میں پہلے ہی امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے تھے اور چار میں اتوار کے روز پولنگ ہوئی۔ پولنگ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک انتہائی پرامن اور خوشگوار ماحول میں جاری رہی، ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج کا اعلان کیا گیا۔