ایبٹ آباد۔ 8 جون (اے پی پی):ایبٹ آباد کے علاقہ نواں شہر سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر محمد عمر رفیق نے رائل پاپ ورتھ ہسپتال انگلینڈ میں ”باکس اے ان ہارٹ “ ٹیکنالوجی کا آغاز کر کے میڈیکل کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عمر رفیق خیبر میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہیں۔
یہ پیش رفت عطیہ کرنے والے انسانی دل کو جسم سے باہر زندہ رہنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس سے قبل بھی برطانیہ میں اس ٹیکنالوجی سے سینکڑوں جانیں بچائی جا چکی ہیں۔ ڈاکٹر رفیق اور ان کی ٹیم اب دنیا بھر کے ہسپتالوں کو زندگی بچانے کے اس طریقہ کو استعمال کرنے کی تربیت فراہم کر رہی ہے۔
ایبٹ آباد کے ڈاکٹر کے اس کارہائے نمایاں پر ایبٹ آباد کے شہریوں نے ڈاکٹر عمر رفیق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ڈاکٹر عمر رفیق انسانی زندگیاں بچانے کیلئے جو تحقیق کی ہے اور طریقہ علاج دریافت کیا ہے اس پر ہم ڈاکٹر عامر اور ان کے پورے خاندان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ ڈاکٹر عمر رفیق کی تحقیق پر بی بی سی اپنی ایک ڈاکو منٹری بھی بنا چکا ہے۔