ایبٹ آباد۔ 12 اگست (اے پی پی):ایبٹ آباد میں یومِ آزادی کے حوالے سے شہریوں میں جوش و خروش عروج پر ہے۔شہر میں مختلف مقامات پرسجائے گئے سٹالز پروالدین بچوں کےلئے خریداری کرتے نظرآرہے ہیں۔سٹالز پرجشن آزادی کی مناسبت سےرنگ برنگی اشیاء موجودہیں۔آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کے بعدمحب وطن شہری اور طلبہ جشن آزادی معرکہ حق منانے کےلئے بے تاب نظر آرہے ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کر رہی ہے جہاں دکانوں پر خریداروں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
شہر کے مختلف مقامات پر سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، کیپس، اور سبز و سفید ملبوسات کی خریداری زور و شور سے جاری ہے۔نوجوان،بچے، بڑے، سب ہی قومی پرچم تھامے، چہروں پر خوشی سجائے جشنِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔دکانداروں کے مطابق اس سال خریداری میں گزشتہ برسوں کی نسبت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور قومی جذبہ قابل دید ہے۔ دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے بھی عوامی رش کے پیش نظر ٹریفک اور سکیورٹی کے انتظامات کو مؤثر بنا دیا ہے تاکہ شہری آزادی کی خوشیاں پُرامن ماحول میں منا سکیں۔