22.7 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںایبٹ آباد میں پلاسٹک نقصانات آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا

ایبٹ آباد میں پلاسٹک نقصانات آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا

- Advertisement -

ایبٹ آباد۔ 19 جولائی (اے پی پی):ایبٹ آباد کے شہریوں میں پلاسٹک کے نقصانات سے آگاہی کیلئے خصوصی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ اس سلسلہ میں آزادی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کی جانب سے الیاسی مسجد سے ملحق پہاڑی پر موجود پکنگ پوائنٹ کو پلاسٹک بوتلوں اور دیگر کچرے سے صاف کر دیا گیا۔

صفائی مہم میں آزادی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے عملہ کے علاوہ مقامی افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی اور صفائی کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ آزادی ڈاٹ کام ڈاٹ پی کی شہناز یوسفزئی نے بتایا کہ مہم کا مقصد لوگوں میں صفائی سے متعلق شعور کو اجاگر کرنا ہے، اگر ہم پکنگ پوائنٹس یا پارکنگ میں اپنی جانب سے پھینکے گئے کچرے پر قابو پا لیں تو یہ ہماری بڑی کامیابی ہو گی، ہم باشعور ضرور ہیں تاہم اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کرتے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی آلودگی بہت سنگین مسئلہ ہے لیکن بدقسمتی سے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ہم کوئی ٹھوس اور قابل ذکر اقدامات نہیں اٹھا سکے ہیں جس کے نتیجہ میں آلودگی میں کمی واقع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بڑے بڑے شہر ماحولیاتی آودگی کے حوالہ سے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار ہوتے ہیں جس سے ملک کی بدنامی ہو رہی ہے اور اس کے نہایت منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں، پاکستان ایک زرعی ملک ہے لیکن بڑے بڑے علاقہ جات بنجر اور خشک پڑے ہیں، کسانوں کو یہ زمینیں آباد کرنے کا ٹاسک شراکت داری کی بنیاد پر دیا جائے تو پاکستان زرعی لحاظ سے خود کفیل ہونے سمیت ماحولیاتی آلودگی میں بڑی حد تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔

شہناز یوسفزئی نے کہا کہ ہم ویسے تو چھٹی کا دن اپنے بچوں، خاندان یا دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح میں گذارتے ہیں یا ہفتہ بھر کے رکے ہوئے کام نمٹانے میں صرف کر دیتے ہیں تاہم اس مرتبہ خوبصورت پکنک پوائنٹ الیاسی مسجد ٹاپ پر شہر بھر سے نوجوان، بچے، خواتین اور مرد اس خاص مقصد کیلئے جمع ہوئے ہیں، دراصل ہماری ٹیم نے آج کا دن اس مقام سے پلاسٹک اور کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے مختص کر رکھا ہے تاکہ آنے والے سیاحوں کی جانب سے پھینکے کچرے اور پلاسٹک سے ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ہو سکے۔

شہر کے ماحول کو بچانے اور اسے خوبصورت بنانے کیلئے سرگرم عمل شعور نامی پلیٹ فارم نوجوانوں کو موقع فراہم کرتا ہے تاکہ وہ مل کر اپنا کردار موثر انداز میں ادا کر سکیں، انسان کے اپنے ہاتھوں ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ اگرچہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن ہرگز نہیں بلکہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ہم ایک بہتر اور خوبصورت مستقبل کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں