ایبٹ آباد نے اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹونٹی کپ 2025-26 کا ٹائٹل جیت لیا

ایبٹ آباد نے فائنل میں کراچی وائٹس کو شکست دے کر اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2025-26 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی تاریخ میں ایبٹ آباد کا پہلا ٹائٹل ہے۔

لاہور۔8جون (اے پی پی):ایبٹ آباد نے فائنل میں کراچی وائٹس کو شکست دے کر اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2025-26 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کی تاریخ میں ایبٹ آباد کا پہلا ٹائٹل ہے۔فائنل میچ کے بعد منعقدہ اختتامی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید مہمانِ خصوصی تھے۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم ایبٹ آباد کو 50 لاکھ روپے انعامی رقم اور ٹرافی جبکہ رنرز اپ کراچی وائٹس کو 25 لاکھ روپے دیے گئے۔ترجمان پی سی بی کے مطابق فائنل میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ کراچی وائٹس کی پوری ٹیم 18.3 اوورز میں 118 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ ایبٹ آباد کے فاسٹ بالرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ارشد اقبال نے 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شہاب خان اور رضا اللہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ وسیم جونیئر نے ایک وکٹ اپنے نام کی، جبکہ کپتان شاداب خان نے 3.3 اوورز میں 17 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایبٹ آباد کے اوپننگ بیٹر شاہ زیب خان نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی۔ ایبٹ آباد نے مطلوبہ ہدف 13.5 اوورز میں حاصل کر کے تاریخی کامیابی سمیٹ لی۔شاہ زیب خان نے 41 گیندوں پر 3 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 54 رنز بنائے، جبکہ کامران غلام نے 26 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامران غلام کو بہترین بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے 6 میچوں میں مجموعی طور پر 246 رنز سکور کیے۔ سیالکوٹ کے اسامہ میر نے 16 وکٹیں حاصل کر کے بہترین بالر اور پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے اعزازات اپنے نام کیے، جبکہ کراچی بلوز کے عثمان خان کو بہترین وکٹ کیپر بیٹر قرار دیا گیا۔