ایبٹ آباد۔ 25 اپریل (اے پی پی):ایبٹ آباد کے علاقہ ملکپورہ میں چچا نے بھتیجے کو نامعلوم وجوہات کی بناءپر لنگری کا کتکہ (بیلنا) مار کر قتل کر دیا۔ ملزم کو سٹی پولیس نے ٹانچی چوک کے مقام سے مشکوک حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم ذیشان ولد شفیع نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اپنے 24 سالہ بھتیجے اعزاز کو اس کے گھر میں گذشتہ رات قتل کر دیا تھا جس پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے بھتیجے کے گھر لے جایا گیا جہاں کمرے میں محمد اعزاز کی قتل شدہ نعش پڑی تھی۔
پولیس نے نعش ہسپتال منتقل کرتے ہوئے ملزم کے خلاف زیر دفعہ 302 پی پی سی مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ اہلیان ملہ کا کہنا ہے کہ چٹہ پل ملکپورہ میں اعزاز کے گھر میں گذشتہ رات اس کا چچا ذیشان رہنے کیلئے آیا تھا، ملزم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ رات کو اعزاز کمپیوٹر پر کام کر رہا تھا تو اس کے چچا ذیشان نے لنگری کے کتکہ (بیلن) سے اس کے سر پر پیچھے سے وار کر دیا جس سے اعزاز شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
وقوعہ کے بعد اعزاز کا چچا ذیشان گھر سے نکل گیا، راستے میں اسے تھانہ سٹی کے دو رائیڈر ملے جنہیں ذیشان نے بتایا کہ اس نے اپنے بھتیجے کو مار دیا ہے، پولیس اہلکاروں نے ملزم کو گرفتار کر کے اسے اعزاز کے گھر لے گئے ۔ جب کمرے میں جا کر چیک کیا گیا تو اعزاز مردہ حالت میں پڑا تھا۔ ملزم ذیشان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بعد ازاں مرحوم کی نماز جنازہ ملکپورہ عیدگاہ میں ادا کی گئی جس میں عزیز و اقارب سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں مرحوم کو اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587608