اسلام آباد۔4اپریل (اے پی پی):پاکستان میں ایتھوپیاکے سفیر جمال بیکر عبد اللہ نے پاکستانی تاجروں کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات اور شراکت داری کی دعوت دی ہے ،
جمعرات کوفیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایتھوپیا کی معیشت میں زراعت اور زرعی پراسیسنگ، مینو فیکچرنگ، کان کنی، آئی سی ٹی اور سیاحت سمیت متنوع اقتصادی شعبوں میں غیر معمولی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا سستی، صاف، پائیدار اور شفاف توانائی پیدا کرتا ہے اور اپنے پڑوسی ممالک بشمول کینیا، جبوتی، سوڈان سمیت دیگر ممالک کو برآمد بھی کر رہا ہے۔ اسی طرح ایتھوپیا میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن سمیت متعدد مراعات متعارف کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایتھوپیا کی تاجر برادری کو خاص طور پر مینوفیکچرنگ، زراعت، کھاد، کیمیکلز، فارماسیوٹیکل، سرجیکل آلات، ٹیکسٹائل، آٹوموٹو اور دیگر شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع فراہم کیے ہیں، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے ماضی قریب میں ایتھوپیا کے وزیر اعظم ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا میں سماجی و اقتصادی ترقی کو سراہا۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر نے فیڈرل ٹریڈ باڈی کے ساتھ علاقائی افراد اور تاجروں کے ساتھ وفد کا حصہ بننے کے عزم کا اظہار بھی کیا جو تاکہ ایتھوپیا اور افریقہ میں دستیاب مواقع تلاش کرنے اور اس سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کئے جا سکیں۔