فیصل آباد۔ 28 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر وچیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آبادسلوت سعید کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام ہونے والے امتحان میٹرک (سیکنڈسالانہ)2024کے نتائج کا اعلان 30 اکتوبر 2024کو دن 10 بجے کیا جائے گا۔
ترجمان شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نتائج کی سادہ و پروقار تقریب کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت منعقد ہو گی جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن و کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی بھی موجود ہوں گے۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 10 بجے دن کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید لیپ ٹاپ پر بٹن دبا کر رزلٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر اَپ لوڈکریں گی۔
سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ نتائج سنڈیکیٹ مارکنگ کے تحت حکومت پنجاب کے وضع کردہ ایس او پیز کے مطابق سخت محنت و انتہائی احتیاط سے تیار کئے گئے ہیں جو ہر قسم کی غلطیوں سے مبرا ہوں گے تاہم نتائج یا دیگر معلومات کیلئے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی کے دفتری فون نمبر0412517710 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔