26.6 C
Islamabad
بدھ, اپریل 16, 2025
ہومتازہ ترینایرانی حکومت صوبہ سیستان میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کے قاتلوں...

ایرانی حکومت صوبہ سیستان میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے، بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت دیگر صارفین مستفید ہوں گے، وزیراعظم شہباز شریف

- Advertisement -

اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت صوبہ سیستان میں شہید ہونے والے 8 پاکستانیوں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے، بجلی کی قیمتوں میں حالیہ کمی سے گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت دیگر صارفین مستفید ہوں گے، کوئٹہ۔خضدار۔قلات روڈ اور سکھر۔حیدرآباد۔کراچی موٹروے جلد مکمل کی جائیں گی، کچھی کینال کا دوسرا مرحلہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صحت اب بہتر ہے اور وہ گھر منتقل ہو گئے ہیں ان کی مکمل صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صوبہ سیستان میں 8 بیگناہ پاکستانیوں کو دہشت گردی کے واقعہ میں شہید کر دیا گیا، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، اس معاملہ پرنائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹراسحاق ڈار نے اپنے ایرانی ہم منصب سے بات کی ہے، امید ہے کہ ایرانی حکومت قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دے گی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ سمیت دیگر متعلقہ افسران کی بھرپور معاونت سے بجلی کی قیمتوں میں ساڑھے سات روپے فی یونٹ کمی کی گئی جس سے گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت دیگر صارفین مستفید ہوں گے، بجلی کی قیمتوں میں کمی لانا بڑا چیلنج تھا جس میں ہم سرخرو ہوئے اور قوم کو بالآخر اجتماعی کاوشوں سے عید کا تحفہ دیا گیا، اس اقدام سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر اتار چڑھائو جاری ہے، آج 15 اپریل کو تیل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کو صارفین تک منتقل کرنے کی بجائے اس رقم کو بلوچستان کی سب اہم شاہراہ این۔25 (چمن -کوئٹہ-قلات-خضدار- کراچی شاہراہ) کو دو رویہ کرنے میں استعمال کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے عوام کو سفر کی بہترین سہولیات میسر آسکیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ قومی شاہراہ کی بحالی موٹروے کے معیار پر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 23۔2022 میں اس منصوبے کا تخمینہ اڑھائی ارب روپے تھا ، اب یہ نظرثانی شدہ تخمینہ 300 ارب روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہزاروں ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، 70 ارب روپے کا یہ منصوبہ ہے جس میں سے 30 فیصد رقم وفاقی حکومت جبکہ 30 فیصد صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اسی بچت سے کچھی کینال کا فیز 2 بھی مکمل کرنے میں استعمال ہو گی جس سے صوبہ بلوچستان کی سینکڑوں ایکڑ زمین سیراب ہو گی اور صوبے سمیت پاکستان بھر میں خوشحالی آئے گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، جو خصوصی طور پر وفاقی کابینہ کے اجلاس میں شریک تھے، نے بلوچستان کے عوام کے لئے این 25 کی بحالی کے منصوبے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=582525

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں