ایرانی خبر رساں ایجنسی کے بیورو چیف سید بہادرحسینی کی ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک سے ملاقات‘ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال

86
APP46-29 ISLAMABAD: December 29 - Bureau Chief of IRNA Islamabad, Seyed Bahador Hosseini and Editor Afzal Reza in a call on meeting with MD APP Mr Masood Malik at APP headquarters. APP photo by Saeed-ul-Mulk

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ارنا)کے بیورو چیف سید بہادرحسینی نے جمعہ کو ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر مسعود ملک سے ملاقات کی، جس میں اس امرپراتفاق کیا گیا کہ خبروں کے تبادلے اور ذرائع ابلاغ کے شعبہ میں تعاون کے فروغ سے دونوں برادراسلامی ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کومزید فروغ ملے گا اوراس طرح کے اقدامات سے دونوں جانب کے عوام میں براہ راست روابط کوفروغ ملنے کے ساتھ سفارتی تعلقات میںمزید استحکام آئے گا۔ ایرانی سرکاری خبررساں ادارے ارنا کے بیوروچیف بہادر حسینی نے تہران میں ارنا کے صدر دفترکا دورہ کرنے کی دعوت دینے کیلئے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک نے اگلے سال ارنا کے صدر دفتر کا دورہ کرنے کی دعوت قبول کرتے ہوئے قرار دیا کہ ذرائع ابلاغ دونوں ملکوں کے تعلقات کومزید مستحکم کرنے میں نمایا ں کردار اداکرسکتاہے۔ انہوں نے ارناکے بیورو چیف کاخیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیاکہ اے پی پی ارنا اوراسلام آباد میں واقع اس کے بیوروآفس کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے۔ ایم ڈی اے پی پی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر دوست ممالک ہیں اور اسلام کے خلاف مغربی پراپیگنڈہ کا مقابلہ کرنے کیلئے دونوں ممالک کو باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان صحافیوں کے وفود کے تبادلوں کی تجویز بھی پیش کی، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کی سرکاری خبر رساں ایجنسیوں کو مزید قریب لایا جا سکے گا۔