ایرانی ٹیم فیفا ورلڈ کپ کے اپنے پہلے گروپ میچ سے ایک روز قبل امریکا پہنچے گی

ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم اپنے پہلے ورلڈ کپ گروپ میچ سے ایک روز قبل میکسیکو سے لاس اینجلس پہنچے گی، جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی

تہران۔10جون (اے پی پی):ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم اپنے پہلے ورلڈ کپ گروپ میچ سے ایک روز قبل میکسیکو سے لاس اینجلس پہنچے گی، جہاں وہ نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق ایرانی ٹیم ٹورنامنٹ کے دوران میکسیکو کے شہر تیخوانا میں قیام کرے گی جبکہ وہ اپنے گروپ سٹیج کے تینوں میچز امریکہ میں کھیلے گی، جہاں اس کا سامنا 15 جون کو نیوزی لینڈ، 21 جون کو بیلجیئم اور 26 جون کو سیئٹل میں مصر سے ہوگا۔ امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں جمعرات سے شروع ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026سے قبل ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث انتظامیہ اور مینجمنٹ کے 15 اراکین کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے یہ تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر کھیل احمد دنیامالی نے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سٹیڈیم میں اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ کوئی اور جھنڈا یا علامت دکھائی گئی، یا قانون شکن نعرے بازی ہوئی، تو ٹیم آفیشل میچ رکوا دیں گے کیونکہ فیفا قوانین کے تحت میچز میں سیاسی علامتوں کی سخت ممانعت ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنا منتظمین کی ذمہ داری ہوگی۔واضح رہے کہ فیفا کے قوانین کے تحت ورلڈ کپ مقابلوں میں سیاسی نعروں اور سیاسی علامات کی نمائش ممنوع ہے۔ایرانی فٹبال فیڈریشن کے ترجمان امیر مہدی علوی نے کہا کہ ٹیم فیفا کے شیڈول کے مطابق چارٹرڈ پرواز کے ذریعے امریکا جائے گی اور پہلے میچ سے 1 روز قبل میزبان شہر پہنچے گی، جبکہ اگلے 2 میچوں کے لیے ٹیم 2 روز پہلے متعلقہ شہروں میں موجود ہوگی۔

مزید خبریں