ایران امریکا کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں کرےگا، آیت اللہ علی خامنہ ای

109

تہران۔30مئی(اے پی پی) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ملک کے جوہری اور میزائل پروگرام پر کوئی مذاکرات نہیں کئے جائیں گے۔ ان سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ اگر امریکا ایران پر عائد پابندیاں ختم کردے تواس کے ساتھ بات چیت ممکن ہے۔علی خامنہ ای کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انھوں نے کہا کہ ’ہم یہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں، ہم امریکا سے مذاکرات نہیں کریں گے کیونکہ ان مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ الٹا نقصان ہوا ہے‘۔انھوں نے مزید کہا ’ ہم انقلاب کی بنیادی اقدار پر کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، ہم اپنی فوجی صلاحیتوں پر بھی کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔