اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے بڑ ی جرأت اوربہادری کا مظاہرہ کیا ہے، اس جنگ کے اثرات خطے پر ہی نہیں پوری دنیا پر پڑتے، ایران نے اظہار یکجہتی پر پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اورعوام کی جو تعریف کی ہے اس کی مثال نہیں ملتی،بجٹ کےلئے تمام اتحادی جماعتوں کا تعاون قابل ستائش ہے،بجٹ منظوری کے بعد نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنائیں گے،محرم الحرام میں امن و امان برقرار رکھنے اوراخوت اور بھائی چارے کے فروغ کےلئے موثر اقدامات کئے جانے چاہئیں،دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے سکیورٹی فورسزکے افسران اورجوان عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ،
انشاء اللہ یہ جنگ ہم جیتیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج فتنہ الخوارج پر کاری ضرب لگا رہی ہے، دشمن کے خلاف جنگ جاری ہے ، ہماری سکیورٹی فورسز کے افسران اورجوان عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ، انشاء اللہ یہ جنگ ہم جیتیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے لئے بہت محنت کی گئی جس پر وفاقی وزیر خزانہ اور ان کی پوری اقتصاد ی ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈارکی بھی اس میں بھرپور معاونت رہی ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادیوں کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے خوش اسلوبی سے تمام معاملات کو آگے بڑھایا اور ان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ، اس مرتبہ ایوان میں حکومتی ارکان کی تعداد قابل اطمینان ہے ،صدرمملکت آصف علی زرداری ، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اوردیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کا بھی شکر گزار ہوں،
اب اس بجٹ کوایوان سے منظور کرانے کےلئے بھی تندہی سے کام کریں ، بجٹ منظوری کے بعد نئے مالی سال میں معیشت کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی خوش آئند ہے،ایران نے پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت،سیاسی جماعتوں اورعوام کی طرف سے حمایت اور اظہار یکجہتی پرکھلے دل سے شکریہ ادا کیا ہے جس کی عصر حاضر میں کوئی مثال نہیں ملتی ،صدرآصف علی زرداری ،میرا اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر ، سیاسی زعما اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ اورفیلڈ مارشل کی ظہرانے پر ملاقات ہوئی ،
صدر ٹرمپ نے بڑے کھلے انداز میں فیلڈ مارشل کا نام لے کر کہا کہ وہ ان سے بہت متاثر ہوئے ہیں، استنبول میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات ہوئی ، پاکستان نے بھرپور اورمستقل انداز میں ایران کی حمایت کی ،ایران نے اسرائیلی حملے کے بعد اپنے دفاع میں کارروائی کی ، اللہ کا شکر ہے کہ جنگ بندی ہوگئی ہے ورنہ اس سے بہت زیادہ نقصان ہوسکتا ہے اور اس کے اثرات خطے پر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر پڑتے، ایرانی قو م نے بڑی جرأت اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور انہوں نے کوئی دبائو قبول نہیں کیا، جھکے نہیں اورکہا کہ باوقار طریقے سے جنگ بندی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے قطر پر حملے کے خلاف بھی بھرپور مذمتی بیان جاری کیا گیا، قطر ہمارا برادر ملک ہے ، سعودی عرب کے ولی عہد کے ساتھ میری ٹیلیفون پر تفصیلی بات ہوئی ، اس جنگ کو رکوانے میں انہوں نے بڑا کردار ادا کیا،اسرائیل نے جب ایران پر حملہ کیا تو سعودی عرب کی طرف سے بھرپور مذمتی بیان جاری کیا گیا، سعودی ولی عہد کی ایران کے صدر کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مہینے کا آغاز ہورہا ہے ، یہ مقدس مہینہ ہے ، وفاق او ر چاروں صوبوں کو امن و امان برقرار رکھنے کےلئے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی ، مجالس اورجلوسوں کی حفاظت،امن،بھائی چارہ اور اخوت کا پہلے کی طرح مظاہرہ ہونا چاہئے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں سکیورٹی کے اقدامات کئے جائیں۔