ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے، امریکی صدر

5

واشنگٹن۔24جون (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ منگل کو ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے، انہوں نے دونوں فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں ۔انہوں نے اپنے ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جنگ بندی اب نافذ العمل ہے، براہ کرم اس کی خلاف ورزی نہ کریں ۔

اے ایف پی کے مطابق جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہونے سے پہلے اسرائیل اور ایران نے ایک دوسرے پر شدید حملے کئے۔ایرانی دارالحکومت تہران میں رات بھر دھماکوں کا سلسلہ جاری رہا، تہران کے شمال اور مرکز میں ہونے والے دھماکوں کو صحافیوں نے جنگ شروع ہونے کے بعد سے سب سے زیادہ زوردار دھماکے قرار دیا۔

اسرائیل کے ہنگامی خدمات کے ادارے اور فوج نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کے نفاذ سے کچھ دیر پہلے ہی اسرائیل کے جنوبی شہر بیر شیبہ میں ملٹی ویو ایرانی میزائل حملے میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔