ایران اور روس کا بین الاقوامی ٹرانسپورٹ روٹ کی تکمیل تیز کرنے کے عزم کا اعادہ

تہران ۔17دسمبر (اے پی پی):ایران اور روس نے جنوبی ایشیا کو شمالی یورپ سے ملانے والے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ روٹ کی تکمیل کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹر ی علی لاریجانی اور روس کے نائب وزیرِاعظم برائے ٹرانسپورٹ وٹالی ساویلییف نے انٹرنیشنل نارتھ۔ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور …

تہران ۔17دسمبر (اے پی پی):ایران اور روس نے جنوبی ایشیا کو شمالی یورپ سے ملانے والے بین الاقوامی ٹرانسپورٹ روٹ کی تکمیل کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹر ی علی لاریجانی اور روس کے نائب وزیرِاعظم برائے ٹرانسپورٹ وٹالی ساویلییف نے انٹرنیشنل نارتھ۔ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور منصوبے کی تکمیل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

علی لاریجانی نے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے ایران کی مکمل تیاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مستقبل میں انتظامی اور ادارہ جاتی رکاوٹوں کو دور کر دیا جائے گا، جبکہ ضروری معاہدوں کو قانونی اور انتظامی طور پر نافذ کیا جائے گا تاکہ منصوبے کو مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکے۔

روسی نائب وزیرِاعظم وٹالی ساویلییف نے ایران کے پُرعزم مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو اس منصوبے کو عملی مرحلے میں داخل کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ نارتھ-ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور، ایران اور روس کی مشترکہ حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد پائیدار دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا اور خطے میں آزاد اور خودمختار رابطہ کاری کے راستے قائم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ جولائی 2023 میں ایران اور روس کے درمیان شمال جنوب راہداری منصوبے کے تحت ایران میں ایک ریلوے لائن کی تعمیر کے لیے عملی معاہدہ طے پایا تھا۔ 162 کلومیٹر طویل یہ ریلوے لائن مکمل ہونے پر شمالی ایران کے شہروں رشت اور آستارا کو آپس میں ملائے گی۔