پی ٹی اے کا غیر قانونی طور پرانٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے کریک ڈاؤن ، 2 افراد گرفتار
پی ٹی اے کا غیر قانونی طور پرانٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے حوالے سے کریک ڈاؤن ، 2 افراد گرفتار

مزید خبریں
اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل (سی سی سی) لاہور کے ساتھ مل کر لاہور میں غیر قانونی انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ اس سلسلے میں جاوید کالونی، غازی روڈ، لاہور میں واقع ایم/ایس چھابڑیا انٹرنیٹ سروس (انٹرنیٹ، کیبل اور وائرلیس سروس فراہم کنندہ) اور ایم/ایس برادر کیبل نیٹ پر دو کامیاب چھاپے مارے گئے۔
جمعرات کو پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق چھاپوں کے دوران دونوں مقامات پر بغیر کسی درست لائسنس کے غیر مجاز انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کی جا رہی تھی۔ اس دوران سیٹ اپ کے مالک سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دونوں مقامات سے ٹیلی کام ایکویپمنٹ بھی قبضے میں لے لئے گئے۔
غیر قانونی طور پر انٹرنیٹ سروس فراہم کنندگان کے خلاف یہ کامیاب چھاپے پی ٹی اے کے غیر متزلزل عزم، مسلسل نگرانی اور غیر قانونی انٹرنیٹ سروسز کے سدباب کے لیے جاری کا وشوں کا نتیجہ ہیں۔ اس نوعیت کے اقدامات ٹیکس چوری اور آمدنی کی غلط رپورٹنگ کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جس کے ذریعے قومی خزانے کو ہونے والے مالی نقصان سے محفوظ کیا جاتا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی ممکنہ سروس کی بندش سے بچنے کے لئے صرف پی ٹی اے سے لائسنس یافتہ ٹیلی کام آپریٹرز کی خدمات کا حصول ممکن بنائیں۔ لائسنس یافتہ آپریٹرز کی فہرست پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر موجود ہے۔







