واشنگٹن۔14اپریل (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے بارے میں جلد فیصلہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں،انہوں نے اپنےطیارے میں سوار صحافیوں کو بتایا کہ ہم ایران کے بارے میں بہت جلد فیصلہ کریں گے۔
تاس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسر ادور 19 اپریل کو روم میں ہوگا،فریقین کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور 12 اپریل کو عمان میں ہوا تھا جس میں ایران کے جوہری پروگرام بارے پہلی مشاورت ہوئی تھی۔ایرانی وفد کی سربراہی وزیر خارجہ عباس عراقچی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی خصوصی صدارتی ایلچی اسٹیو وٹ کوف نے کی تھی ۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات تعمیری رہی اور فریقین نے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ بات چیت کا دوسرا دور عمان میں نہیں ہو سکتا لیکن عمان ثالث کا کردار ادا کرتا رہے گا۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذاکرات کے لئے مقام کی تبدیلی امریکی انتظامیہ نے کی تھی اور اس بات کا امکان ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور 19 اپریل کو روم میں ہو سکتا ہے۔