کوئٹہ۔ 07 اپریل (اے پی پی):کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے ترجمان نے کہاہے کہ ایران کی جانب سے132 کے وی پیشن۔مند اور132 کے وی پولان۔جیوانی ٹرانسمیشن لائنز سے بجلی کے کوٹہ میں کمی کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے مکران ڈویژن کے علاقوں میں اضافی لوڈ منیجمنٹ کی جارہی ہے تاہم بجلی کے کوٹہ میں اضافہ کے لئے کیسکو حکام ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
پیر کو کیسکو ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجگور، ہوشاب، تربت، پسنی، اورماڑہ، گوادر، انڈسٹریل اسٹیٹ، گوادر ڈیپ سی پورٹ اورگوادرانٹرنیشنل ائیرپورٹ گرڈاسٹیشن کو نیشنل گرڈنیٹ ورک سے منسلک کردیاگیاہے۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ ایران سے بجلی کے کوٹہ میں اضافہ کے بعد صورتحال معمول پر آجائیگی، جس کے بعد مکران ڈویژن کے علاقوں میں اضافی لوڈ منیجمنٹ فوری طور پر ختم کر دی جائے گی۔ایران سے بجلی کوٹہ میں کمی اور اضافی لوڈ منیجمنٹ پرکیسکو نے مکران کے صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579149