تہران۔7اپریل (اے پی پی):ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں ایک مسلح دہشت گردانہ حملے میں 2پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
شنہو ا نے صوبائی پولیس کمانڈر دوستلی جلیان کے حوالے سے بتایا کہ جنوب مشرقی ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان میں پولیس کے گشتی یونٹ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب گشتی یونٹ صوبے کی زاہدان کاؤنٹی کے ضلع کورین میں ڈیوٹی پر تھا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد رودابی اور علی قاسمی کے طور پر کی ہے، دونوں کی عمریں 20 سال ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورسز نے مہرستان کاؤنٹی میں ایک دہشت گرد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہےتاہم دو دیگر بندوق برداروں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں جو پہاڑوں کی طرف بھاگ گئے تھے۔
واضح رہے کہ ایران کا صوبہ سیستان اور بلوچستان گزشتہ برسوں کے دوران شہریوں اور سکیورٹی فورسز دونوں پر کئی دہشت گردانہ حملوں کا مشاہدہ کر چکا ہے۔