ایران پر اسرائیلی حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ، سپیکر پنجاب اسمبلی

44

لاہور۔13جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے خطے میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ، ایران پر اسرائیلی حملے کی بھر پور مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سپیکر نے کہا کہ مشرق وسطی میں اسرائیل، فلسطین اور ایران کا تنازعہ بڑھتا نظر آ رہا ہے، ایران پر اسرائیلی حملے سے خطے میں خوف کی فضا پیدا ہو گئی ہے ۔

ایران پر اسرائیلی حملے کی بھر پور مذمت کر تے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ امن کے عالمی اداروں کو فلسطین اور ایران کیخلاف اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی قیادت پہلے جنگی جنون کو روکتی رہی لیکن اب صورتحال تبدیل ہوگئی، اس جنگ نے فلسطین کو تباہ کر دیا، لاتعداد بیگناہ لوگوں کو شہید کیا گیا، غزہ میں انسانیت کو قتل کیا جا رہا ہے، کشمیر اور غزہ میں ریاستی دہشت گردی کا بازار گرم ہے، جنگیں آزادیوں کا قتل کریں گی تو انسانی حقوق کی جدوجہد کا قتل ہوگا۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ،پاک افواج نے بھارت کیخلاف جنگ جیت کر پاکستانی قوم کا پوری دنیا میں سر فخر سے بلند کر دیا،آج دنیا پاک افواج کی بہترین حکمت عملی کی معترف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے لیکن پاک بھارت جنگ کے دوران بیشتر چیلنجز کے باوجود پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ، کہا جاتا ہے کہ جنگ کے دوران سب سے بڑا قتل سچ کا ہوتا ہے، پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے حقائق مسخ کر کے عوام کے سامنے پیش کیے، بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر اپنی جنگی برتری ثابت کرنے کی کوشش کی۔