ایران پر اسرائیل کے بلا جواز حملے کی مذمت کرتے ہیں، معصوم جانوں کے ضیاع پرافسوس ہے ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

9
ایران پر اسرائیل کے بلا جواز حملے کی مذمت کرتے ہیں، معصوم جانوں کے ضیاع پرافسوس ہے ، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):استحکام پاکستان پارٹی کے صدر و وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے بلا جواز اور وحشیانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں جو درحقیقت ایران کی خود مختاری پر کھلا حملہ اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس سے خطے میں امن کو سنگین خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں ایران کی حمایت میں کہا کہ پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے اور ہر پاکستانی ایران کے دکھ اور پریشانی میں برابر کا شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کے ضیاع اور ایرانی املاک کو نقصان انتہائی افسوسناک امر ہے اور اسرائیل کی بربریت اور یکطرفہ کارروائی باعث تشویش ہے۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ایسی مذموم حرکتوں سے غزہ اور فلسطین سے ہرگز توجہ نہیں ہٹائی جا سکتی، لہذا عالمی قوتوں کو چاہیے کہ وہ اپنا مثبت کردار ادا کریں اور اسرائیل کو خطے میں حالات کشیدہ کرنے اور نئی جنگ جاری رکھنے سے روکیں۔