لاہور۔13جون (اے پی پی):پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ایران پر حملہ جارحیت اور قابل مذمت ہے، جنگ کی روک تھام کے لئے اقوام متحدہ اپنا کردار ادا کرے،جنگ پھیلی تو غزہ کے بعد ایک اور بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالم اسلام اوآئی سی کی طرف دیکھ رہا ہے،او آئی سی یہ حملے بند کروائے
کسی بھی ملک کے خلاف جارحیت بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک بھی اس جارحیت کے خلاف آواز اٹھائیں،ایران نے ہمیشہ اپنی عالمی ذمہ داریوں کو پورا کیا اور اس وقت بھی ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھا ہوا ہے، امریکہ کو چاہیے کہ وہ امن عمل کی بحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔