تہران ۔ 07 اپریل (اے پی پی) اسلامی جمہوریہ ایران نے شام پر امریکہ کے میزائل حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے شام میں حمص کے ائیربیس پر امریکا کے میزائل حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاصر تاریخ میں کیمیائی ہتھیاروں کا سب سے بڑا نشانہ بننے والے ملک کی حیثیت سے اسلامی جمہوریہ ایران کسی بھی قسم کے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی مذمت کرتا ہے تاہم وہ اس بہانے سے کسی بھی ملک کے خلاف یکطرفہ اقدامات کئے جانے کو بھی خطرناک، تباہ کن اور بین الاقوامی قوانین و اصول کی کھلی خلاف ورزی سمجھتا ہے۔