اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کے ساتھ بات ہوئی ہے جس میں ایران کے برادر عوام کے ساتھ اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کے خلاف پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیاہے۔
ہفتہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی پرزور مذمت کرتے ہیں جو اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے منافی ہے ۔ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ایران کے شکر گزار ہیں کہ جسں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین،ایران اور دیگر خطے میں اسرائیلی سفاکانہ جارحیت پر پاکستان کے غیر متزلزل اور اصولی موقف کو سراہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کو متحد ہوکر ان خلاف ورزیوں کو روکنا چاہیے۔