ایران کی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار کے دفاع کی حمایت کرتے ہیں، چین

131

بیجنگ ۔12اگست (اے پی پی):چین نےکہا ہے کہ وہ ایران کی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقارکے دفاع میں اس کی حمایت کرتا ہے۔انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق یہ بات چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے گزشتہ روز ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔ وانگ یی نے 31 جولائی کو تہران میں فلسطینی رہنما کی شہادت پر چین کی طرف سے مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے سے ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوئی اور علاقائی استحکام کو خطرہ لاحق ہو گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے علی باقری کو بتایا کہ فلسطینی رہنما کی شہادت سے غزہ میں فائربندی کے لیے مذاکراتی عمل اور علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچا۔وانگ نے کہا کہ چین قانون کے مطابق ایران کی خود مختاری، سلامتی اور قومی وقار کے تحفظ اور علاقائی امن واستحکام برقرار رکھنے میں اس کی کوششوں میں اس کی حمایت کرتا ہے اور ایران کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے کے لیے تیار ہے۔