ایران کے ساتھ مذاکرات اور اس کے نتیجے میں کسی جوہری معاہدے تک پہنچنے کو ترجیح دوں گا ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ایرانی قیادت کو خط

93

اسلام آباد۔7مارچ (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے حوالے سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو ایک خط لکھ کر مذاکرات کی دعوت دی ہے۔ امریکی نیوز چینل ’فاکس نیوز‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نےکہ وہ ایران کے ساتھ مذاکرات اور اس کے نتیجے میں کسی معاہدے تک پہنچنے کو ترجیح دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں اور اسی ضمن میں انہوں نے جمعرات کو ایرانی قیادت کو ایک خط لکھا ہے جس میں اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایرانی رہنما بات چیت پر راضی ہو جائیں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ انھیں اس خط کی ضرورت بھی ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے دو طرح سے نمٹا جاسکتا ہے، ایک راستہ تو عسکری ہے اور دوسرا یہ کہ معاہدہ کیا جائے، میں معاہدہ کرنا چاہوں گا کیونکہ میں ایران کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا، وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں ممکنہ طور پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو مخاطب کیا گیا ہے تاہم وائٹ ہاؤس نے اس سلسلے میں اب تک وضاحت نہیں کی۔