ایران کے سینئر عہدیدارحسین جابری انصاری اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی(ارنا)کے نئے چیف ایگزیکٹو افسر مقرر، مینجنگ ڈائریکٹر ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان عاصم کھچی کی مبارکباد

140

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):ایران کے سینئر عہدیدار حسین جابری انصاری کو اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی(ارنا)کا نیا چیف ایگزیکٹو افسر مقرر کر دیا گیا ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے حسین جابری انصاری کو ارنا کا نیا سی ای او مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

ارنا کے مطابق جابری انصاری گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایران کی وزارت خارجہ میں مختلف عہدوں پرفائز رہے جن میں عرب اور افریقی امور کے نائب وزیر کے منصب بھی شامل ہیں۔ انہوں نے خارجہ امور پر متعدد کتابیں تحریر اور ترجمہ کی ہیں، جن میں تازہ ترین اشاعت جس میں ”اسپارک آن ونز چیسٹ” بھی شامل ہے جو فلسطینی مصنف منیر شفیق کی عربی کتاب ” فرام اے سپارک ٹو این ادر سپارک "کا ترجمہ ہے۔

ارنا کے نئے سی ای او نے اتوار کو اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کی انتظامیہ کی جانب سے طے کردہ قومی اتحاد کے اصولوں پر گہری نظر رکھیں گے ۔ حسین جابری انصاری نے ارنا کی 90 سالہ تاریخ کو ایران اور خطے میں خبروں کا ایک اہم ذریعہ قرار دیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے حسین جابری انصاری کو ارنا کا نیا سی ای او مقرر ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں ایم ڈی اے پی پی نے کہا کہ اے پی پی اور ارنا کے درمیان باہمی خبروں کے تبادلے کا معاہدہ ہے اور دونوں برادر ممالک کے عوام اور حکومتوں کے فائدے کے لئے روزانہ کی بنیاد پر اہم خبروں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ایم ڈی اے پی پی نے ارنا اور اے پی پی کے درمیان مزید تعاون پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ دونوں نیوز اداروں کی اعلی انتظامیہ کو باہمی نیوز ایکسچینج پروگرام کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کے لئے ایک دوسرے کے ادارے کا دورہ کرنا چاہئے۔