
اسلام آباد ۔ 16 جون (اے پی پی)وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا گزشتہ دورہ ایران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کا باعث بنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایران کے نائب وزیر داخلہ حسین ذوالفقاری کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سیفران محمد اسلم اور چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین سلیم خان بھی موجود تھے۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان مدینہ کے انصار کی تقلید میں اپنے مالی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے، یہ دنیا کا واحد ملک ہے جس نے مہاجرین کو کیمپوں میں رکھنے کی بجائے انہیں عام پاکستانی کے برابر مواقع فراہم کئے اور انہیں معاشرے میں شامل کیا۔