اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):معروف ڈیجیٹل فنانشل سروسز پلیٹ فارم ایزی پیسہ نے ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں انقلاب برپا کرنے کے لئے کیو آر ساؤنڈ باکس لانچ کردیا جو آواز پر مبنی پیمنٹ الرٹ اور نوٹیفکیشن کیلئے ایک پورٹ ایبل ڈیوائس ہے۔کیو آر ساؤنڈ باکس مرچنٹس اور صارفین کے لئے ایک بہتر اور موثر حل فراہم کرتا ہے۔
یہ پورٹ ایبل ڈیوائس سپیکر سے لیس ہے جس کے ذریعے صارفین اور مرچنٹس کو آواز پر مبنی پیمنٹ الرٹس اور ادائیگی کے فوری نوٹیفکیشن وصول ہوں گے۔ڈیوائس کنکٹیویٹی کے لئے سم کے ساتھ آپریٹ ہوتا ہے جس سے مرچنٹس اور صارفین کے درمیان رئیل ٹائم مواصلات قائم کی جاسکے گی۔ جب ایک صارف کیو آر کوڈ سکین کرکے اپنے ایزی پیسہ ایپ سے مرچنٹ کو ادائیگی کرتا ہے تو ڈیوائس ایک اونچے ساؤنڈپر مبنی الرٹ کے ساتھ دونوں فریقین کو کامیاب ٹرانزیکشن کا فوری نوٹیفکیشن ارسال کرتا ہے جس سے نہ صرف مرچنٹ کو ٹرانزیکشن کا موثر تجربہ ملتا ہے بلکہ ادائیگی کا فوری نوٹیفکیشن کی وصولی سے وقت کی بھی بچت ہوتی ہے۔
آڈیو وائس براڈ کاسٹ ادائیگی کی تصدیق کرتا ہے جس سے ہر ٹرانزیکشن میں شفافیت اور سکیورٹی یقینی ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ڈیوائس کی ایل سی ڈی پر ٹرانزیکشن کی رقم بھی نمایاں ہوتی ہے۔شہزاد خان، ہیڈ آف چینلز، کارپوریٹ بزنس اینڈ پروڈکٹو لینڈنگ، ایزی پیسہ نے کیو آر ساؤنڈ باکس کے بارے کہ اکہ کیوآر ساؤنڈ باکس کا آغاز ملک میں مالیاتی شمولیت کے فروغ اوربزنسز کو بااختیار بنانے کےلئے ایزی پیسہ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ ڈیوائس ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے اور مرچنٹس اور صارفین کے درمیان اعتماد اور بھروسہ کو فروغ دیتی ہے۔ہمیں یقین ہے کہ کیو آر ساؤنڈ باکس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کو تیز کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا جس سے ایک ڈیجیٹل ایکو سسٹم تشکیل پائے گا اور لاکھوں افراد اس سے مستفید ہوں گے۔
ادائیگی کے فوری نوٹیفکیشن میں سہولت دینے کے علاوہ کیو آر ساؤنڈ باکس بٹن دبا کر آخری ادائیگی بھی براڈ کاسٹ کرتا ہے جس سے مرچنٹس کےلئے ادائیگی کا طریقہ کار مزید بہتر ہوتا ہے۔40ملین سے زائد رجسٹرڈ موبائل اکاؤنٹس جس میں مزید اضافہ ہورہا ہے، کے ساتھ ایزی پیسہ پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی فراہمی کے منظرنامے میں قائدانہ کردار جاری رکھے ہوئے ہے اور ایزی پیسہ اشتراک اور ٹیکنالوجی کی طاقت سے مالیاتی شمولیت کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔