اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی)کے ڈائریکٹر اردونیوز سروس عبدالجبار ذکریا اورانجیئنرمحمد طاہر کی والدہ مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئیں،ان کی عمر90سال تھی۔ سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس کے بعد انہیں اسلام آباد کے سیکٹرایچ الیون قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا۔
ان کی نماز جنازہ میں جماعت اسلامی کے سابق امیر سراج الحق سمیت جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد کی اہم شخصیات،صحافتی برادری ، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان سے منسلک افراد، معززین علاقہ اور سوگوار خاندان سے تعلق رکھنے افراد نے شرکت کی۔
مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے (کل) اتوار دن 11 بجے ایچ 13 مسجد قباء میں قرآن خوانی اور اجتماعی دعا ہوگی ۔نماز جنازہ سے قبل شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا کہ دنیا میں والدین ہی آپ کے لئے جنت کے دروازے ہیں ،ہر وقت ان سے استفادہ حاصل کرتے رہیں۔
اللہ تعالی نے اپنی بندگی کے بعد والدین کے ساتھ اچھے سلوک کا حکم دیا ہے، والدین اپنے آپ کو تکلیف میں ڈال کر خود مشکلات برداشت کرتے ہیں۔بچوں پر سب سے زیادہ حق ماں کا ہوتا ہے۔حضرت محمدصلی علیہ وآلہ وسلم نے کئی مواقعوں پر فرمایا کہ آپ پر ماں کا حق سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتنے اور فساد کا زمانہ ہے ،حضور صلی علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا تھا کہ فتنے کے زمانے میں میری ایک سنت بھی زندہ رکھنا بہترین عمل شمار ہوگا۔