ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ساتھ حج کوریج کے اشتراک کار کو مزید وسعت دی جائے گی، سعودی وزیر میڈیا سلمان الدساری

88

مکہ المکرمہ ۔26جون (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر میڈیا سلمان الدساری نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ساتھ حج کوریج کے حوالے سے تعاون کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اشتراک کار کو مزید وسعت دی جائے گی اور مضبوط بنایا جائے گا۔اتوار کو سعودی وزیر میڈیا نے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے ایڈیٹوریل ڈیسک اور میڈیا سینٹر کا دورہ کیا، جو کہ جامع حج کوریج کو یقینی بنانے کے لیے یہاں مقامی ہوٹل میں قائم کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ” اے پی پی” پاکستان کی ایک اہم اور سب سے بڑی خبر رساں ایجنسی ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی طور پر فائدہ مند یہ تعاون آگے بڑھے گا،

انہوں نے منیٰ میں وزارت میڈیا کی طرف سے قائم کردہ ایڈیٹوریل ڈیسک کا بھی دورہ کیا۔ دریں اثنا، سعودی عرب کی میڈیا کی وزارت نے حج سیزن 2023 کے لیے ورچوئل پریس سنٹر (وی پی سی ) قائم کیا ہے تاکہ سالانہ حج کی جامع کوریج فراہم کی جائے، اعلیٰ معیار کا مواد پیش کیا جا سکے اور رپورٹرز کے کام میں آسانی ہو۔

یہ مرکز ایک الیکٹرانک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا جو سرکاری ایجنسیوں اور حج سیزن کا احاطہ کرنے والے نیوز آؤٹ لیٹس کے لیے ورچوئل خدمات فراہم کرے گا۔ 900 رجسٹرڈ رپورٹرز پلیٹ فارم پر ڈاؤن لوڈ کی گئی خبروں، تصاویر اور ویڈیوز سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور کئی زبانوں میں نشر ہونے والی ورچوئل پریس کانفرنسوں میں حصہ لے سکتے ہیں۔ مرکز میں رجسٹرڈ رپورٹرز عہدیداروں کے ساتھ انٹرویو، حج سیزن کے اعدادوشمار یا کسی قسم کی سوال جواب کے لیے اپنی درخواستیں بھی جمع کراسکتے ہیں۔