ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سرگودھا سے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے سینئر نائب صدر پنجاب کی ملاقات

ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سرگودھا خواجہ سیف الرحمٰن نے کہا کہ محتسب کا ادارہ انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں بروقت انصاف و ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے

سرگودھا -13 ستمبر (اے پی پی):ایسوسی ایٹ ایڈوائزر ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سرگودھا خواجہ سیف الرحمٰن نے کہا کہ محتسب کا ادارہ انسانی حقوق کی پاسداری کرتے ہوئے شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انہیں بروقت انصاف و ریلیف کی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے سینئر نائب صدر پنجاب رانا علی اکبر سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر سٹی صدر رانا محمد قاسم علی اورملک امان اللّٰہ چھینہ بھی موجود تھے ۔ملاقات کےدوران باہمی دلچسپی کے امور ، شہریوں کو درپیش مسائل، انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ اور معاشرے میں انصاف کی فراہمی سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ رانا علی اکبر نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ مہذب اور فلاحی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی، سرکاری اداروں تک آسان رسائی اورشکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ انسانی حقوق کے تحفظ، مظلوم اور کمزور طبقات کی آواز بلند کرنے اور شہریوں میں ان کے حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے محتسب ادارے کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں وفاقی محتسب کا ادارہ اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام کواپنےحقوق اور دستیاب قانونی و انتظامی فورمز سے آگاہ ہونا چاہیے تاکہ وہ اپنی جائز شکایات کے حل کے لئے مناسب طریقہ کار اختیار کر سکیں۔ ایڈوائزر وفاقی محتسب خواجہ سیف الرحمٰن نے انسانی حقوق کے فروغ اور شہریوں کی فلاح و بہبود کے لئے رانا علی اکبر کی کاوشوں کو سراہا۔ رانا محمد قاسم علی نےکہا کہ سرکاری اداروں اور سماجی تنظیموں کے باہمی تعاون سے عوامی مسائل کے حل کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ ملاقات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، انسانی حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں انصاف، مساوات اور فلاح کے فروغ کے لئے مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں