ایسٹرا زینیکا کی خوراکیں مارچ کے پہلے ہفتے آنا شروع ہوجائیں گی ، معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان

49

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ایسٹرا زینیکا کی خوراکیں مارچ کے پہلے ہفتے آنا شروع ہوجائیں گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میں نے سائنو فارم ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے
یہ ویکسین بطور ڈاکٹر میں نے لگوائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسٹرا زینیکا کی خوراکیں مارچ کے پہلے ہفتے آنا شروع ہوجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جون سے پہلے 17 ملین ڈوزز آجائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اگر آپ جنرل ورکر ہیں تو ہم نے ویب سائٹ دے دی ہے اس پر رجسٹریشن کرائیں۔

معاون خصوصی برائے صحت نے کہا کہ پہلے ہم نے 65 سال کے شہریوں کی رجسٹریشن شروع کی جبکہ 60 سال سے بھی اوپر شہریوں کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تمام ویکسین کا سنجیدہ اثرات سے بچاؤ 90 فیصد ہے، سائنوفارم کا لائسنس 60 سال کے شہریوں تک تھا۔جو شہری بھی ویکسین لگوانے کے اہل ہیں وہ رجسٹریشن کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی بھی کورونا سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئےکہ ویکسین لگوانے کے بعد احتیاط چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا میں میڈیا کا کردار مثالی رہا،ویکسین کے لئے ہم نے ہیلتھ ورکرز کو ترجیح دی۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ رپورٹرز کو بھی جلد ویکسین لگائیں گے،موجودہ ویکسین سینٹرز میں ابھی زیادہ بوجھ نہیں ہے۔ویکسین سینٹرز میں آسانی سے اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔

معاون خصوصی صحت نے کہا کہ ویکسین لگانے کا سارا پلان تیار ہے، ویکسین کے حوالے سے افواہوں سے لوگ کنفیوژ ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کی جو ویکسین دستیاب ہو وہ لگوا لینی چاہئے۔