فیصل آباد۔ 21 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی کاشت 15جنوری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے زمین کے انتخاب اور اس کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں تاکہ بمپر کراپ کے حصول میں مدد مل سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے بتایا کہ بہاریہ مکئی کی کاشت جو جنوری کے دوسرے پندھرواڑے کے آغاز پر شروع ہوتی ہے کیلئے ایسی بھاری میرا زمین کا انتخاب ضروری ہے جو پانی کو بخوبی جذب کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو نیز ایسی زمین جس میں برسیم یا آلو کاشت کئے گئے ہوں وہاں مکئی کی فصل بہتر نشو ونما پاتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کہ کلراٹھی، ریتلی اور سیم زدہ زمین کے علاوہ ایسی زمین جس کی پی ایچ 8سے زائد ہومکئی کی کاشت کیلئے موزوں نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس زمین میں مکئی کاشت کرنی ہو اس کے اردگرد درخت نہیں ہونے چاہئیں کیونکہ درختوں کے سائے میں مکئی کی فصل کامیابی کے ساتھ نہیں اگائی جاسکتی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بہاریہ مکئی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری بھی اچھی طرح کرلینی چاہیے کیونکہ اگر مکئی آلو والے کھیتوں میں کاشت کرنی ہو تو دویا تین ہل چلا کر سہاگہ دینے سے زمین نرم اور بھربھری ہوجائے گی تاہم اگر کپاس کماد یا سورج مکھی والے وڈھ میں کاشت کرنا ہو تو وڈھ وغیرہ میں روٹا ویٹر چلاکر وڈھ کو اچھی طرح تلف کرنے کے بعد تین مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دینا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات، مشاورت، رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت، محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا فری ایگریکلچرل ہیلپ لائن سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔