اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مدد سے ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے مطابق جولائی تا اکتوبر تجارتی خسارہ7.3 بلین ڈالر سے 6.9 بلین ڈالر تک آگیا ۔
گزشتہ مالی سال 9.5بلین ڈالر کے مقابلے میں پاکستان کی برآمدات میں 13 فیصد اضافے کے ساتھ 10.8 بلین ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔اکتوبر 2024 میں برآمدات میں 10 فیصد اضافہ اور درآمدات میں 8 فیصد کمی ہوئی۔ پہلی سہ ماہی میں 1.7 ٹریلین روپے کا بجٹ سرپلس ریکارڈ کیا گیا۔اکتوبر 2024 میں ترسیلات زر 3 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔
ایس آئی ایف سی کی عالمی سرمایہ کاروں کو مواقع کی فراہمی ، مالیاتی نظام میں جدت اور تجارت کے فروغ کیلئے معاونت قابل تحسین ہے۔ایس آئی ایف سی کے تعاون سے حکومت پاکستان اقتصادی استحکام کی کوششیں کر رہی ہے، جس کا مقصد ملک میں معاشی بہتری اور سرمایہ کاری کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے، بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کم کرنے، اور سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں معاونت فراہم کرتی ہے۔
حکومت کی جانب سے مختلف منصوبے اور پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جاسکے اور مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکے۔ اس اقدام کا مقصد ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت میں حصہ ڈالنے کے لیے اعتماد دینا ہے۔