ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان کی معیشت میں مثبت تبدیلیاں

165
SIFC
SIFC

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی معاونت اور حکومتی اقدامات کے ذ ریعے ملکی معیشت میں ترقی کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ، برآمدات میں نمایاں بہتری، اور معیشت کو استحکام حاصل ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال میں پاکستان نے پہلی بار چاول کی برآمدات کے ذریعے 4 ارب ڈالرآمدنی حاصل کی جس کی بنا پر آئندہ مالی سال میں برآمداتی ہدف کو بڑھا کر5 ارب ڈالر کر دیا گیا ہے۔حکومتی کاوشوں کی بدولت باسمتی چاول کی پیداوار میں 188فیصد اور سلور رائس میں 17فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستانی آم کی برآمدات چین کی منڈی میں مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔مالی سال 2025 میں تجارتی اشیاء کی برآمدات 5 ارب ڈالر سے زائدرہیں جو کہ پچھلے مالی سال سے 14 فیصد زیادہ ہیں۔پاکستان ریفائنری لمیٹڈ نے آمدنی میں نمایاں اضافہ کی بدولت 4ارب روپے سے زائد کا منافع حاصل کیا جو 2023 میں 1 ارب 82 کروڑ روپے تھا۔

پاکستان کا ای کامرس شعبہ 46 بڑی مارکیٹوں میں شامل ہو چکا ہے جس کی آمدنی 5 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے اور اس میں5اعشاریہ92فیصد کی شرح سے مزید اضافہ متوقع ہے۔ایس آئی ایف سی کی کوششیں پاکستان کی معیشت کے مستقبل کی راہ ہموار کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں جو پائیدار ترقی اور خوشحالی کی طرف ایک مستحکم اور مثبت سمت میں گامزن ہیں۔