ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور مواقع کو اجاگر کرنے اور معیشت کے اہم شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے دبئی میں "پاکستان انویسٹمنٹ روڈ شو

99
ایس آئی ایف سی کے زیر اہتمام پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور مواقع کو اجاگر کرنے اور معیشت کے اہم شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے دبئی میں "پاکستان انویسٹمنٹ روڈ شو

اسلام آباد۔6نومبر (اے پی پی):سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے زیر اہتمام پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور مواقع کو اجاگر کرنے اور معیشت کے اہم شعبوں میں عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے دبئی میں "پاکستان انویسٹمنٹ روڈ شو” (5 – 7 نومبر 2023) جاری ہے۔ روڈ شو کے پہلے روز بڑی تعداد میں عالمی تاجروں اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی۔

اس دوران سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے عہدیداروں نے عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ وسیع تر بات چیت کی جس میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے زیر اہتمام پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ امکانات اور مواقع کو اجاگر کیا گیا۔ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تحت منصوبوں کو اہم شعبوں میں ممکنہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

روڈ شو میں سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے اقدام کو بہت زیادہ توجہ حاصل رہی اور سرمایہ کاروں کی کمیونٹی کو ایس آئی ایف سی پلیٹ فارم کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری کے ماحول کو تبدیل کرنے کے بارے میں بصیرت فراہم کی گئی۔ پلیٹ فارم کو استعمال کرتے ہوئے، 30 پاکستانی فرموں نے اپنی پراجیکٹ تجاویز/ ترقی کی حکمت عملیاں پیش کیں جن میں زراعت، آئی ٹی اور انرجی سمیت مختلف شعبے شامل ہیں۔

اس تقریب میں سرکاری اور نجی ماہرین کی شمولیت کے ساتھ ایک منظم پینل ڈسکشن کا انعقاد بھی کیا گیا جس کا مقصد ابھرتی ہوئی منڈیوں کے مقابلے میں پاکستان کے سرمایہ کاری کے منظر نامے اور مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے آگے بڑھنے کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ عالمی سطح پر غیر ملکی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے لیے جاری میگا روڈ شو ملکی تاریخ کا اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ ہے اور اس سے ایس آئی ایف سی کی کوششوں کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔