لاہور۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ایس او ایس ویلیجز پاکستان بے سہارا اور یتیم بچوں کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے انسانیت کی بے مثال خدمات انجام دے رہا ہے، ادارے کی گولڈن جوبلی ایک تاریخی موقع ہے،
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ادارے کے لیے 100 ملین روپے کی مالی معاونت اس خدمت کے اعتراف کا مظہر ہے۔وہ اتوار کو یہاں ایس او ایس ویلیجز پاکستان کی 50ویں سالگرہ کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔تقریب میں صدر ایس او ایس ویلیجز پاکستان ثریا انور، صدر انٹرنیشنل ایس او ایس ویلیجز ڈاکٹر وڈوفا، سابق گورنر پنجاب و صدر الیکٹ ایس او ایس پاکستان شاہد حامد، ڈونرز،مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات، میڈیا نمائندگان اور بچوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔
وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ مجھے یہاں آ کر دلی خوشی ہوئی ہے، ایس او ایس کے بچے ہمارا فخر ہیں جو مختلف شعبوں میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں ،ایس او ایس پاکستان ملک بھر میں پھیل گیا ہے ،یہ ایک ایسا ادارہ ہے جو بچوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے مراحل سے گزار کر باوقار زندگی گزارنے کے قابل بناتا ہے۔
انہوں نے ادارے کی گولڈن جوبلی کے موقع پر بچوں، منتظمین و معاونین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہم لوگ متحد ہو کر ایک بہتر پاکستان بنا سکتے ہیں، اگر معاشرے کے صاحب حیثیت افراد رضاکارانہ طور پر ایک بچے کی اعلی تعلیم کا خرچ برداشت کریں تو ادارے کے اہداف میں مزید بہتری آ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کئی مخیر حضرات ان سے رابطے میں ہیں اور اس جذبے کو منظم انداز میں فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔
صدر ایس او ایس ویلیجز پاکستان ثریا انور نے اپنے خطاب میں ادارے کی تاریخ، خدمات اور مستقبل کے منصوبہ جات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے نے گزشتہ 50 برسوں کے دوران ہزاروں بچوں کو باوقار زندگی فراہم کی ہے اور اب اس کا دائرہ کار تھرپارکر، میاں چنوں اور رحیم یار خان تک بڑھا دیا گیا ہے۔صدر انٹرنیشنل ایس او ایس ویلیجز ڈاکٹر وڈوفا نے کہا کہ انہیں ایس او ایس ویلیجز پاکستان کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں شرکت پر دلی مسرت ہوئی ہے۔
انہوں نے ادارے کی انسانی خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ عالمی سطح پر بھی ایک مثالی مقام رکھتا ہے۔سابق گورنر پنجاب و صدر الیکٹ ایس او ایس ویلیجز پاکستان شاہد حامد نے وزیراعلی پنجاب مریم نوازکا خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں انہوں نے ادارے کی خدمات کو سراہا اور رحیم یار خان میں زمین کی فراہمی پر معاونت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے گولڈن جوبلی کے موقع پر 100 ملین روپے کی مالی معاونت پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔تقریب کے دوران ایس او ایس ویلیج سے فارغ التحصیل ان نوجوانوں کو بھی مدعو کیا گیاتھا جو آج مختلف شعبوں میں نمایاں مقام حاصل کر چکے ہیں۔
ان میں ڈاکٹرز، انجینئرز، معمار، کاروباری حضرات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افراد شامل تھے۔ ان سابق طلبہ نے اسٹیج پر اپنے بچپن کی یادیں تازہ کیں اور ایس او ایس ویلیج کو اپنی کامیابی کی بنیاد قراردیا۔تقریب کا آغاز بچوں کے پیش کردہ ملی نغمے "یہ گائوں ہمارا ہے” سے ہوا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور ادارے کے حق میں نیک تمنائوں کے اظہار کے ساتھ ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578891