ایس ایس پی کا سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پروگرام پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

160
Former Prime Minister of Pakistan Shaheed Zulfiqar Ali Bhutto

لاڑکانہ ۔13اپریل (اے پی پی):ایس ایس پی لاڑکانہ میر روحل خان کھوسو نےسابق وزیر اعظم پاکستان شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 14 اپریل کو 45 ویں برسی پروگرام کے پیش نظر گڑھی خدا بخش بھٹو میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ، سول ایڈ منسٹریشن و مزار کے منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور ان کی تجاویز پر عملدرآمد کے لئے پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی۔

اس حوالے سے انچارج ڈی آئی بی منیر احمد سموں نے ایس ایس پی لاڑکانہ کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام انٹری ایگزٹ پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر سسٹم سمیت جدید ٹیکنالوجی سسٹم اور تلاش ایپ کے ذریعے چیکنگ کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں لاڑکانہ پولیس کی جانب سے خصوصی کنٹرول سمیت پولیس کیمپ قائم کردی گئی ہے،تمام صورتحال کو سی سی ٹی وی سسٹم/کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔

اس ضمن میں پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے گی،جس میں خواتین پولیس افسر و اہلکاروں سمیتایس ایس یو کمانڈو کے افسر و جوان بھی شامل ہیں،مددگار فائیٹرز کیو آر ایف ،آر آر ایف سمیت اینٹی رائٹ رزرو پلاٹونز بھی اسٹینڈ بائی ہوں گے۔ایس ایس پی نے گڑھی خدا بخش بھٹو میں آنے والے تمام روٹس کا دورہِ کیا اور پارکنگ ایریاز سمیت ٹریفک معاملات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے فرائض سر انجام دینے کے لئے باہر سے آنے والی پولیس نفری کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر ویلفیئر معاملات کا بھی بغور جائزہ لیا۔